اشتیاق احمد کے ٹاپ 5 ناولز (خاص نمبرز)
اشتیاق احمد پاکستان کے مشہور و معروف جاسوسی ناول نگار تھے جنہوں نے 800 سے زائد جاسوسی ناولز لکھے جو بے حد پسند کئے گئے ۔ قارئین اکثر یہ سوال کرتے ہیں کہ ان کے ٹاپ ناولز کونسے ہیں تو اس کے لئے یہ فہرست حاضر ہے۔ یہ میری اپنی پسندیدہ رینکنگ ہے جو ہو سکتا ہے کہ آپ کی پسند سے مختلف ہو مگر بہرحال انتخاب کی وجہ اس پوسٹ میں آپ ملاحظہ کر سکتے ہیں کہ کیوں یہ ناول خاص ہیں اور کیوں ان کو ترتیب وار نمبر دیئے گئے ہیں۔ امید ہے کہ تحریر پسند آئےگی۔

Duniya Ke Qaidi – No.5
دنیا کے قیدی: میں نے بہت سوچ سمجھ کر اس ناول کو یہ نمبر دیا ہے۔ وجہ بتاتا ہوں کہ کیوں ایسا کیا۔ دیکھئے جب اشتیاق احمد نے پہلا خاص نمبر “
جیرال کا منصوبہ” شائع کیا اور اس میں
انسپکٹر جمشید اور انسپکٹر کامران مرزا پارٹی کو یکجا کیا تو یہ ملاقات منفرد اور تاریخی بن گئی اور قارئین نے اتنا پسند کیا کہ
شوکی سیریز کی اشاعت کے بعد یہ مطالبہ زور پکڑنے لگا کہ کسی
خاص نمبر میں تینوں پارٹیوں کو شامل کیا جائے۔ اب دیکھئے یہ کتنا مشکل کام رہا ہو گا۔ مطلب جمشید کامران پارٹی کا ایک اپنا انداز ہے۔ مجرموں کے پیچھے جانا، خطرات میں کود پڑنا، بڑے بڑے مجرموں سے ٹکرا جاتا۔ ڈھشوں، ڈھشاں، دھڑام گڑام، تڑتڑاہٹ دھماکے وغیرہ وغیرہ۔ ہے نا۔۔۔ مگر شوکی سیریز اس کا الٹ ہے۔ باتوں اور طنزو مزاح، ذہانت اور دیگر باتوں میں تو وہ برابر پہنچتے ہیں مگر ایکشن یعنی لڑائی بھڑائی سے تو کوسوں دور بھاگتے ہیں نا۔ تو یہ مشکل خود اشتیاق صاحب نے بھی بتائی مگر فیصلہ ہوگیا کہ کرنا ہے تو بس کرنا ہے۔ پھر اعلان ہوتا ہے
دنیا کے قیدی خاص نمبر کا۔ اور ہم بھاگتے ہیں لائبریری کی طرف کہ بھئی سب سے پہلے بکنگ کروالی جائے۔ سب سے پہلے پڑھنا جو ہے۔ مگر جب ناول شائع ہوا۔ اوئے ہوئے۔ پڑھ کر مزہ ہی آگیا۔ شوکی برادرز نے کیا کمال دکھائے پہلی ملاقات میں۔ مگر اس سے پہلے یہ حد درجے کا سسپنس کہ یہ تینوں پارٹیاں ملیں گی کیسے۔ ان میں بھی خاص طور پر شوکی برادرز سے ملاقات کس انداز میں ہوگی۔ اور واقعی جس طرح شوکی برادرز سے ان کی ملاقات ہوتی ہے وہ منظر نامہ تو وہم و گمان میں بھی نہ تھا۔ صحیح معنوں میں دل عش عش کر اٹھا۔ پھر ان کو اپنی ٹیم میں ساتھ لے کر چلنا اور دشمنوں سے مقابلے میں انصاف بھی کرنا یہ واقعی آسان کام نہ تھا۔ یوں یہ ناول میرے لئے تو ٹاپ فائیو میں لانا بنتا ہے۔ اگر آپ نے نہیں پڑھا ہے تو ضرور مطالعہ کیجئے۔

Sunehri Chatan – No.4
سنہری چٹان : اسی 80 کی دہائی میں جب معلومات کے ذرائع محدود تھے اور یا تو کبھی کبھار ٹی وی پر یا پھر اخبارات و رسائل میں میرے سب سے دلچسپ
موضوع خلائی سائنس اور خلائی مخلوق پر کچھ پڑھنے کو مل جاتا تھا تو بہت سے سوالات ذہن میں اتھتے تھے۔ تحقیق کے ذرائع بھی ظاہر ہے کہ محدود ہی تھے اور ایسے میں اعلان ہوتا ہے سنہری چٹان کا۔ اس کی جھلکیاں پڑھ کر ہی اندازہ ہو گیا کہ لو جی اب بہت سے سوالات کے جوابات ملنے کا وقت آگیا ہے۔ اور ایسا ہی ہوا۔ سنہری چٹان اس دور کا اگر میں کہوں کہ ہالی ووڈ بلاک بسٹر فلم کے مقابلے کا ناول تھا تو غلط نہ ہوگا۔ خلائی مخلوق اور اڑن طشتری کا معاملہ اس ناول کا موضوع مگر شروعات کا سسپنس، سنسنی، حیرت انگیز معاملات، مہمات کی تیاری، مجرموں کی رکاوٹیں، خلائی مخلوق کی وارننگ، اڑن طشتریوں کے حملے اور پھر ان سب سے ٹکرانے کا عزم لئے نکلنے والی جمشید کامران شوکی ٹیم جو دنیا کی ہر جاسوسی ٹیمز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اڑن طشتریوں کے دیس پہنچ گئے۔ ایسا کمال کا ناول کہ ہالی ووڈ سائنس فکشن فلمز سے بڑھ کر مزہ آیا۔ اور یار۔۔۔ اب بھی جب کبھی دوبارہ پڑھنے کا موقع ملتا ہے تو بھی مزہ اتنا ہی آتا ہے حالانکہ اب ہم بہت سے سوالات کے جوابات جان چکے بلکہ ایڈوانس معلومات رکھتے ہیں مگر یہ ناول اس دور کے حساب سے بیسٹ
آف دا بیسٹس ہے۔ یقین نہیں تو پڑھ کر دیکھئے۔

Sunehri Chatan – No.3
بیگال مشن : میری نظر میں ٹاپ 5 اشتیاق احمد ناولز کی لسٹ میں بیگال مشن کا تیسرا نمبر بنتا ہے۔ اس کی وجہ بڑی سادہ ہے اور آج کے بالخصوص ایران اسرائیل جنگ کے حوالے سے ظاہر ہے کہ اسرائیل جیسی بدمعاش غنڈہ زبردستی کی ریاست کے لئے سب کی دعا ہے کہ اس کی طاقت ختم ہو اور یہ زمین پر رینگنے والے کیڑے سے بھی بدتر ہو جائے۔ تو بیگال مشن میں کم سے کم اشتیاق احمد اور ان کے کرداروں نے تو یہ خواہش پوری کرہی دی ہے۔ جی ہاں۔ اس ناول میں بیگال (اسرائیل) کا ایٹمی پلانٹ اڑا ڈالا۔ مگر رکئے یہ کام اتنا آسان نہ تھا۔ اس کی شروعات ہوتی ہے اشتیاق احمد کے ایک چھوٹے خاص نمبر “پرخوف فتنہ” سے۔ یہ صرف انسپکٹر جمشید پارٹی کا خاص نمبر ہے اور اس کے آخر میں انسپکٹر جمشید صدر مملکت سے بیگال کے ایٹمی پلانٹ کو اڑانے کی اجازت مانگتے ہیں جو انہیں مل بھی جاتی ہے۔ پھر اس کے بعد کچھ ناولز گزرنے کے بعد بیگال مشن لکھا گیا اور اس کی شروعات اس قدر سنسنی خیز اور دلچسپ ہے کہ پورا خاص نمبر پڑھے بنا آپ رکیں گے نہیں۔ ایڈونچر سے بھرپور ناول، زبردست ایکشن، ذہانت، بہادرانہ مقابلے اور ایک سے بڑھ کر ایک ترکیب۔ صرف اتنا ہی کہوں گا کہ ناول تو کمال ہے۔ اس لئے 2021 میں جب اے آئی یا ویڈیوز ایپس نہ تھیں تب میں نے اس ناول کا ویڈیو خلاصہ تیار کیا تھا بیک گراؤنڈ میوزک اور ساؤنڈ افیکٹس کے ساتھ۔ تو اندازہ لگا سکتے ہیں کہ یہ ناول مجھے کتنا پسند ہے۔ پھر تیسرا نمبر تو بنتا ہے نا۔ ویڈیو کا لنک پیش ہے۔

Batil Qayamat – No.2
باطلِ قیامت : اسے آپ جھوٹی قیامت یا جعلی قیامت بھی کہہ سکتے ہیں۔ ایک ایسا خوفناک منصوبہ جو عالم اسلام کے لئے بہت بڑا خطرہ بن جاتا ہے۔ مذہبی نقطہ نظر سے یہ ناول بہت اہم ہے۔ نہ صرف غیرملکی بلکہ دجالی سازشوں سے آگاہ کرتا ناول بلکہ آخر دور کے واقعات کچھ اس انداز سے بیان کئے گئے ہیں کہ قاری کو اگر اس حوالے سے علم نہ تھا تو یہ ناول پڑھ کر قرب قیامت کی اہم ترین نشانیوں سے آگاہی حاصل ہو سکتی ہے۔ کفار کی سازشیں تو جاری ہی رہتی ہیں اور آج کل ہم بہت ہی حیران کن بلکہ ناقابل یقین سازشوں سے پردے اٹھتے دیکھ رہے ہیں جبکہ یہ ناول کئی دہائیوں پہلے لکھا جا چکا ہے۔ مگر ان سب باتوں کے باوجود اس ناول کو دوسرا نمبر دینے کی ایک بہت بڑی وجہ یہ کہ خود اشتیاق احمد نے یہ کہا تھا کہ اپنے تمام ناولوں میں “باطل قیامت” میرا پسندیدہ ناول ہے تو جب یہ ان کا ہی پسندیدہ ناول تھا تو میری ٹاپ 5 کی رینکنگ میں دوسرا نمبر بنتا ہی ہے۔ آپ کا کیا خیال ہے۔ اگر یہ ناول اب تک آپ نے نہیں پڑھا ہے تو پہلی فرصت میں مطالعہ کیجئے

Ghar Ka Samandar – No.1
غار کا سمندر : اس ناول کو پہلا نمبر دینے کی چند بڑی وجوہات ہیں۔ ایک تو یہ کہ یہ اشتیاق احمد کا طویل ترین ناول ہے۔ دوسرا یہ کہ ادب اطفال میں بھی سب سے طویل ناول کا ریکارڈ بنا چکا ہے۔ تیسری اہم وجہ یہ کہ خود اشتیاق احمد نے اپنے قارئین سے کہا کہ یہ ناول آپ کی لائبریری میں ضرور ہونا چاہئے۔ مطلب یہ کہ جو قارئین ان کو پڑھتے ہیں اور پسند کرتے ہیں وہ یہ ناول ضرور اپنے گھر میں رکھیں۔ اس کی وجہ بھی صاف ہے۔ یعنی ایسا موضوع جس سے آگاہی ضروری ہے۔ اس ناول میں تینوں پارٹیاں، انسپکٹر جمشید پارٹی، انسپکٹر کامران مرزا پارٹی اور شوکی برادرز نے حسبِ معمول ذہانت، بہادری، اور طنزو مزاح کے ساتھ زبردست ایکشن کا بھی مظاہرہ کیا ہے۔ کیا یہ ناول آپ کے کلیکشن میں شامل ہے ؟ اگر نہیں تو اس کے بنا کتب خانہ ادھورا ہے۔
یہ ناول آپ کتاب دوست بک سٹور سے ابھی آرڈر کر کے منگوا سکتے ہیں۔ قیمت او ر آرڈر کیلئے کلک کیجئے۔
وزٹ کیجئے : https://store.kitabdost.com
کسٹمر سپورٹ (واٹس ایپ ) : 03072395447
Post Views: 28